کاروار9؍جولائی (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا سے گزرنے والے نیشنل ہائی وے 66پر جاری توسیعی کام کی وجہ سے یہاں ہونے والے حادثات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ توسیعی کام کی ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کی جانب سے کیا جانے والاغیر سائنٹفک انداز میں تعمیراتی کام، سڑک کا گھماؤ اور بے ڈھنگے پن سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کی وجہ سے ڈرائیوروں کو مشکلات پیش آتی ہیں اور گاڑیاں قابو سے باہر ہوجاتی ہیں۔جبکہ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ونائیک پاٹل کا کہنا ہے کہ بے پروائی سے کی جانے والی ڈرائیونگ اور ٹریفک اصولوں کی ان دیکھی کرنا، نوجوانوں کا شراب پی کر تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانا اوراپنے سامنے والی گاڑیوں کو عجلت میں اوور ٹیک کرنے کی کوشش کرنا حادثات کا سبب بن رہا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ نقل و حمل (ٹرانسپورٹ) اور محکمہ پولیس کے افسران کی غفلت اور کوتاہی کی وجہ سے بھی بڑے حادثات ہورہے ہیں جیساکہ دو دن قبل کمٹہ میں بس اور لاری کے تصادم سے ہوا ہے۔ انٹر نییٹ پر بہت سارے لوگ یہ سوال کر رہے ہیں کہ جب بجلی کے گرِڈ کے لئے لے جانے والا اتنا بھاری بھرکم کھمبا ٹرک سے چار فٹ تک باہر نکلا ہواتھا اور اس پر چوکنّا کرنے کے والا نشان اور سگنل بھی موجود نہیں تھا تو اسے سڑک پر آگے بڑھنے کی اجازت کیسے دی گئی۔ جبکہ یہ ٹرک مختلف پولیس چیک پوسٹس سے ہوکر گزرا تھا۔ اگر اسے کسی چیک پوسٹ پر روک لیا جاتا اور ضلع کے اندر داخل ہونے نہیں دیا جاتا تو شاید کمٹہ کا وہ دردناک حادثہ پیش نہیں آیا ہوتا۔
محکمہ پولیس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو مہینوں یعنی مئی اور جون کے اندر198 سڑک حادثات ہوئے ہیں اور ان میں 55افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔اگر جنوری سے جون 2018تک ہوئے حادثات پرنظر ڈالی جائے تو کُل 360حادثات ہوئے ہیں جن میں 602افراد کو چھوٹی موٹی چوٹیں آئی ہیں۔ 93افراد کی موت واقع ہوئی ہے اور 151افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ضلع شمالی کینرا میں ’بلیک اسپاٹس‘: ضلع شمالی کینرا میں کچھ ایسے مقامات ہیں جہاں اکثر و بیشتر خطرناک حادثات پیش آتے رہتے ہیں ۔ ان مقامات کو ’بلیک اسپاٹس‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ان میں سے کچھ یہ ہیں:
1۔ بھٹکل : شمس الدین سرکل، وینکٹاپور برڈج، شیرالی، بیلکے، سبسگی کراس، گومن ہکّل کراس، سوڈی گدّے کراس
2۔ ہوناور: کاسر گوڈ کا روشن محلہ ، تڈی کیری ریلوے اسٹیشن کراس
3۔ کمٹہ : آلوے کوڈی ، دھاریشور
4۔ انکولہ: ماستی کٹّا،ہٹّی کیری، ہیبولا، ہونلّی
5۔ کاروار: بینگا گھاٹ، کوڈی باغ برڈج
6۔ یلاپور: آربیل گھاٹ